پاکستانی ہائی کمشنر ٹیپو عثمان کی لندن میں ریمیمبرنس سنڈے تقریب میں شرکت، جنگوں میں جانیں قربان کرنے والے فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
شاہ چارلس سوم کی قیادت میں منعقدہ تقریب میں پاکستان کی نمائندگی، سینوٹاف پر حکومتِ پاکستان اور عوام کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔

لندن: برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے لندن کی تاریخی جنگی یادگار سینوٹاف پر منعقدہ ریمیمبرنس سنڈے کی مرکزی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کی۔تقریب برطانوی بادشاہ شاہ چارلس سوم کی قیادت میں منعقد ہوئی، جس میں شاہی خاندان، برطانوی حکومت کے اعلی حکام، مسلح افواج کے نمائندوں اور دولتِ مشترکہ کے ممالک کے ہائی کمشنرز نے شرکت کی۔اس موقع پر ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی اور پہلی و دوسری عالمی جنگوں سمیت دیگر جنگوں میں جانیں قربان کرنے والے فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔تقریب میں برصغیر کے ان ہزاروں مسلمان فوجیوں کی قربانیوں کو بھی یاد کیا گیا جن کا تعلق موجودہ پاکستان کے علاقوں سے تھا اور جنہوں نے دونوں عالمی جنگوں میں حصہ لیا۔واضح رہے کہ ریمیمبرنس سنڈے ہر سال برطانیہ میں جنگوں اور مختلف تنازعات کے دوران جانیں قربان کرنے والے فوجیوں اور شہریوں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔



