
وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت اور اقتدار سے زیادہ عارضی کوئی چیز نہیں، لوگ پانچ سالہ دورِ حکومت کو طویل سمجھتے ہیں، لیکن حکومت ہمیشہ نہیں رہتی۔ ان کی خواہش ہے کہ ایسے کام کرکے جائیں جنہیں لوگ ہمیشہ یاد رکھیں۔
چکوال یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اب کسی فرد کی نہیں بلکہ میرٹ کی حکمرانی ہے۔ سفارش پر آنے والا شخص لازمی طور پر قابل نہیں ہوتا، صوبے میں محنت، ذہانت اور قابلیت کی بنیاد پر کام ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے چھوٹے اور بڑے شہروں میں یکساں ترقی کی جا رہی ہے۔ قابلیت کسی صوبے کی محتاج نہیں، اسی لیے خیبرپختونخوا کے ہونہار طلبہ کو بھی پنجاب کی جانب سے وظائف دیے جائیں گے اور لیپ ٹاپ اسکیم میں ان کا حصہ رکھا گیا ہے۔
مریم نواز نے طلبہ میں لیپ ٹاپ اور وظائف تقسیم کرتے ہوئے کہا کہ وسائل محدود ہیں، اس لیے فنڈز سوچ سمجھ کر خرچ کرنا پڑتے ہیں۔ طلبہ کو کسی چیز سے ڈرنے یا گھبرانے کی ضرورت نہیں۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ چکوال کی ڈپٹی کمشنر خاتون ہیں جبکہ پانچ میں سے چار اسسٹنٹ کمشنرز بھی خواتین ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے اصل حکمران عوام ہیں اور صوبے کا ہر شہری ان کے لیے اپنے خاندان کی طرح اہمیت رکھتا ہے۔



