
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے پاکستانی مواد کے خلاف بھارتی پروپیگنڈے اور پابندی کے مطالبے پر ردعمل دیتے ہوئے بھارتی حکومت اور میڈیا کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں احسن اقبال نے آل انڈیا سینی ورکرز ایسوسی ایشن کی جانب سے پاکستانی مواد پر مستقل پابندی کے مطالبے پر سوالات اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلے کھیلوں کو سیاسی ہتھیار بنایا، پھر پانی اور اب فن و ثقافت کو بھی سیاسی کشیدگی کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستانی کرکٹ میچز کو سیاسی خطرہ اور ٹی وی ڈراموں کو قومی سلامتی کا مسئلہ کیوں سمجھتا ہے؟
انہوں نے پیغام دیا کہ اب بالغ نظری کا مظاہرہ کیا جائے، کھلاڑیوں کو کھیلنے، پانی کو بہنے، فنکاروں کو تخلیق کرنے اور ناظرین کو اپنی پسند کے پروگرام دیکھنے کا موقع دیا جائے۔



