
چیئرمین آباد حنیف گوہر نے سندھ حکومت کو خبردار کیا ہے کہ قانونی طور پر تعمیر کی جانے والی عمارتیں ڈی سیل نہ کی گئیں تو تعمیراتی کاروبار بند کر دیا جائے گا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حنیف گوہر نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آباد ہمیشہ آواز اٹھاتی رہی ہے، لیکن اب قانونی طور پر کام کرنے والے بلڈرز کے خلاف بھی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے 123 زیرِ تعمیر عمارتیں سیل کرنے کی ہدایت کے بعد مختیار کاروں اور بلڈنگ افسران نے کسی کی بات سنے بغیر عمارتیں سیل کرنا شروع کر دیں۔
حنیف گوہر کا کہنا تھا کہ متعلقہ اداروں کو معلوم ہونا چاہیے کہ کون سی عمارت قانونی تقاضے پورے کرکے تعمیر کی جا رہی ہے اور کون سی غیر قانونی ہے۔
انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ قانونی عمارتوں کو سیل کرنے والے نظام کے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے، کیونکہ اس طرح اپنا گھر اسکیم کا مقصد بھی متاثر ہوگا۔
چیئرمین آباد نے مزید کہا کہ جو عمارتیں غیر قانونی ہیں ان کے خلاف ضرور کارروائی کی جائے، تاہم قانونی کاروبار کرنے والوں کو نشانہ نہ بنایا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر تین روز میں قانونی عمارتیں ڈی سیل نہ کی گئیں تو آباد سڑکوں پر احتجاج کرے گی۔



