
برسلز میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے عالمی امن کے لیے اجتماعی شعور، مشترکہ لائحہ عمل اور باہمی تعاون پر مبنی سلامتی پالیسی کو ناگزیر قرار دے دیا۔
یورپی پارلیمنٹ میں شومان سکیورٹی اینڈ ڈیفنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عالمی امن، سلامتی اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کا کردار اس کی قربانیوں اور خدمات کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران 48 اقوام متحدہ امن مشنز میں 2 لاکھ 37 ہزار پاکستانی اہلکار خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ 183 پاکستانی اہلکار عالمی امن کے لیے اپنی جانیں قربان کر چکے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ تنازعات کے علاقوں میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اچانک کمی انسانی سلامتی کے خطرات میں اضافہ کرسکتی ہے، اس لیے امن مشنز کو مناسب وسائل فراہم کرنا ضروری ہے۔
خواجہ آصف نے زور دیا کہ امن مشنز کے مینڈیٹ کی تشکیل میں فوجی اور پولیس دستے فراہم کرنے والے ممالک کو مؤثر نمائندگی دی جانی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی، غذائی عدم تحفظ اور معاشی کمزوری عالمی تنازعات کو مزید بڑھا رہے ہیں اور پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیرینہ تنازعات کا حل بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی بھی یقینی بنانا ضروری ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر انصاف، انسانی وقار اور پائیدار امن کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔



