
سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران پاکستانی ٹیم کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب فاسٹ بولر ثاقب خان ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق انجری کے باعث ثاقب خان میچ میں مزید بولنگ نہیں کرسکیں گے، جس سے پاکستانی ٹیم کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔
واضح رہے کہ سری لنکن ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 98 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ثاقب خان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
سری لنکا کے 98 رنز کے جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 325 رنز اسکور کیے تھے۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا۔



