
رومن گوفمین اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔ ان کا دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب نیتن یاہو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ایران کے خلاف دوبارہ جنگ شروع کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق موساد چیف کی امریکی سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف سے ملاقات متوقع ہے، جبکہ وہ وائٹ ہاؤس کے نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف سے ملاقات کے لیے میامی بھی جا سکتے ہیں۔
ایک امریکی عہدیدار کے مطابق صدر ٹرمپ اب تک ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی شروع کرنے کی نیتن یاہو کی تجویز مسترد کرتے آئے ہیں۔ ٹرمپ نے اس کے بجائے ایران کی بحری ناکہ بندی اور اقتصادی دباؤ جاری رکھنے کی حمایت کی ہے۔
دوسری جانب اسرائیل میں سیاسی صورتحال بھی کشیدہ ہے۔ 27 اکتوبر کے انتخابات کے بعد نیتن یاہو پارلیمنٹ میں اکثریت کھو چکے ہیں جبکہ ان کے سیاسی حریف گادی آئزنکوٹ کو نئی حکومت بنانے کا مینڈیٹ مل گیا ہے۔
اسرائیلی اپوزیشن رہنماؤں کو خدشہ ہے کہ نیتن یاہو اقتدار برقرار رکھنے کے لیے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں یا ایران کو اسرائیل پر حملے کے لیے اکسا سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے گزشتہ روز گادی آئزنکوٹ سے دو گھنٹے طویل ملاقات کی اور انہیں ایران کی صورتحال پر بریفنگ دی، تاہم آئزنکوٹ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ ایران کے خلاف فوری فوجی کارروائی کو ضروری نہیں سمجھتے۔



