
کوئٹہ(یو این اے )ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں کوئٹہ شہر اور نواحی علاقوں میں گیس پریشر میں شدید کمی پر سوئی سدرن گیس کمپنی کی کارکردگی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ علمدار روڈ، نچاری، طوغی روڈ، سید آباد، پیر محمد روڈ، کاسی روڈ، مومن آباد، مری آباد، ناصر آباد، ہزارہ ٹاون، نیو ہزارہ ٹان، فیصل ٹاون، اے ون سٹی اور ریلوے ہاوسنگ اسکیم سمیت کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو گیس پریشر میں کمی کا سامنا ہے۔ایچ ڈی پی کے مطابق گیس کی دن میں کئی مرتبہ لوڈشیڈنگ کے باعث عوام پہلے ہی مشکلات سے دوچار ہیں، جبکہ گیس کی فراہمی کے اوقات میں بھی کم پریشر نے صورتحال مزید دشوار بنا دی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ سردیوں کا موسم قریب ہے اور سرد علاقوں میں سوئی گیس گھریلو صارفین کے لیے اہم ایندھن کا ذریعہ ہے۔ اگر سردیوں کے دوران بھی گیس کی موجودہ صورتحال برقرار رہی تو ضعیف، بیمار، خواتین، بچوں اور بزرگ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے حکومت اور سیاسی نمائندوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران سردیوں میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے مثر اقدامات نہیں کیے گئے، جبکہ تجارتی بنیادوں پر اسکیموں کے ذریعے اپنے مفادات پورے کرنے کی کوشش کی گئی۔بیان میں کہا گیا کہ ایچ ڈی پی عوام اور کوئٹہ کے شہریوں کو اس صورتحال کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑے گی اور عوامی حقوق کے حصول کے لیے پرامن جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔



