
دکی(یو این اے) کنسٹرکشن کمپنی کے 11 مغوی مزدور 15 روز بعد بازیاب، محفوظ مقام منتقل: دکی کے علاقے نانا صاحب زیارت پلڑء میں واقع کنسٹرکشن کمپنی کے کیمپ سے 15 روز قبل اغوا کیے گئے 12 مزدوروں میں سے 11 مزدور بازیاب ہوکر واپس پہنچ گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق تمام مزدوروں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق مسلح افراد نے 15 روز قبل ناناصاحب زیارت کے علاقے پلڑء میں کنسٹرکشن کمپنی کے کیمپ پر حملہ کر کے 12 مزدوروں کو اغوا کر لیا تھا۔ اغوا کے بعد ایک مزدور شاہد کی لاش چند روز قبل کوہلو کے علاقے نرہن ندی سے برآمد ہوئی تھی، جبکہ باقی 11 مزدوروں کو اغوا کاروں نے کوہلو کے علاقے میں آج چھوڑ دیا۔بازیاب ہونے والے مزدوروں میں 10 کا تعلق پنجاب کے ضلع رحیم یار خان(صادق آباد، چوک چڈھڑ)سے ہے، جبکہ ایک مقامی مزدور بھی شامل ہے۔ مغوی و بازیاب مزدوروں میں سکندر خان ڈاہر ولد سلمان خان ڈاہر، نعمان ڈاہر ولد اعظم خان ڈاہر، شمن علی ڈاہر ولد اعظم خان ڈاہر، نعیم خان ڈاہر ولد ولی محمد ڈاہر، سمی خان ڈاہر ولد ولی محمد ڈاہر، آفتاب ڈاہر ولد شبیر احمد ڈاہر، باسط علی ڈاہر ولد حاکم خان ڈاہر اور ارشاد احمد ڈاہر ولد صاحب خان ڈاہر شامل ہیں۔انتظامیہ کی جانب سے تمام بازیاب مزدوروں کو لورالائی روانہ کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب، مغوی مزدوروں کی رہائی سے متعلق ایک ویڈیو پیغام بھی سامنے آ گیا ہے جس میں ان کی باحفاظت بازیابی کی تصدیق کی گئی ہے۔ پولیس اور سیکیورٹی ادارے معاملے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔



