
کوئٹہ(یو این اے )ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے صوبے کے مختلف محکموں میں قواعد و ضوابط کے برخلاف بھرتیوں اور میرٹ کی پامالی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ مالیات سے شروع ہونے والا اے آئی کے نام پر بھرتیوں کا سلسلہ محکمہ جنگلات اور دیگر محکموں تک پھیل رہا ہے، جس کے نتیجے میں مستحق، قابل اور اہل امیدواروں کے حقوق متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔پارٹی کے مرکزی بیان میں کہا گیا کہ اے آئی کے نام پر ہونے والی بھرتیوں میں قواعد و میرٹ کی خلاف ورزی کے خدشات موجود ہیں، جبکہ اقربا پروری اور سفارش کے ذریعے بھرتیوں کا راستہ کھل سکتا ہے۔ اس عمل سے اہل اور مستحق امیدوار اپنے جائز حق سے محروم ہو سکتے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ عدالت عالیہ نے محکمہ تعلیم میں تبادلوں کے ذریعے کوئٹہ کی آسامیوں کو پر کیے جانے کے معاملے کو اجاگر کیا ہے۔ یہ سلسلہ 2013 سے جاری ہے اور صرف محکمہ تعلیم تک محدود نہیں رہا، بلکہ تبادلوں کے ذریعے دیگر محکموں میں بھی کوئٹہ کے شہریوں کے حقوق متاثر کیے جاتے رہے ہیں۔ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے مطالبہ کیا کہ ان مبینہ غیر قانونی اور کوئٹہ کے شہریوں کے حقوق کے منافی اقدامات کا نوٹس لیا جائے اور قواعد و قانون کے برخلاف ہونے والی بھرتیوں اور تبادلوں کا بھی جائزہ لے کر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔



