بلوچستانتازہ ترین

نادرا بلوچستان کا غیر قانونی شناختی کارڈز کے خلاف بڑا کریک ڈان

مشکوک کارڈز بلا ک شناختی کارڈز کی دوبارہ جانچ پڑتال شروع

غیر ملکیوں اور افغان مہاجرین کے مشکوک ریکارڈز کی سخت جانچ شروع کردی
غیر ملکیوں اور افغان مہاجرین کے مشکوک ریکارڈز کی سخت جانچ شروع کردی

کوئٹہ (یو این اے) نادرا بلوچستان نے جعلی دستاویزات، غلط معلومات اور غیر قانونی طریقہ کار کے ذریعے حاصل کیے گئے قومی شناختی کارڈز کے خلاف کارروائی مزید تیز کردی ہے، جبکہ غیر ملکی شہریوں اور افغان مہاجرین سے متعلق مشکوک شناختی ریکارڈز کی سخت جانچ پڑتال شروع کردی گئی ہے۔نادرا ذرائع کے مطابق ریکارڈ کی ازسرنو جانچ پڑتال کے دوران ایسے کیسز کو خصوصی طور پر دیکھا جا رہا ہے جن میں مبینہ طور پر جعلی دستاویزات، غلط معلومات، غیر قانونی رجسٹریشن یا دیگر غیر قانونی ذرائع استعمال کرکے پاکستانی قومی شناختی کارڈ حاصل کیے گئے۔حکام کے مطابق تصدیقی عمل کے دوران جن شناختی کارڈز کے حصول میں غیر قانونی طریقہ کار، جعلی دستاویزات یا ریکارڈ میں تضاد سامنے آرہا ہے، انہیں بلاک یا منسوخ کیا جا رہا ہے۔ مشکوک ریکارڈز کی مکمل تصدیق کے بعد قانونی تقاضوں کے مطابق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شناختی کارڈز کی تصدیق کے دوران بائیومیٹرک ریکارڈ، خاندانی ریکارڈ اور فیملی ٹری کی بھی خصوصی جانچ کی جا رہی ہے۔ مشکوک کیسز میں افراد کے کوائف، خاندانی روابط اور جمع کرائی گئی دستاویزات کو نادرا کے ریکارڈ سے ملا کر دیکھا جا رہا ہے۔نادرا حکام کے مطابق اگر کسی شخص کے فراہم کردہ کوائف اور سرکاری ریکارڈ میں تضاد پایا جائے تو اس کا شناختی کارڈ مزید تصدیق تک روکا جاسکتا ہے، جبکہ خاندانی ریکارڈ میں غیر معمولی تبدیلیوں، مشکوک اندراجات اور دیگر بے ضابطگیوں والے کیسز بھی جانچ کے دائرے میں شامل کیے جا رہے ہیں۔نادرا کے ایڈیشنل ڈائریکٹر کے مطابق شناختی نظام میں جعل سازی، غیر قانونی رجسٹریشن اور جعلی دستاویزات کے استعمال میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صرف غیر قانونی شناختی کارڈ رکھنے والے افراد ہی نہیں بلکہ ایسے عناصر کے خلاف بھی کارروائی ہوسکتی ہے جو غیر قانونی طریقے سے شناختی کارڈ بنوانے یا کسی غیر اہل شخص کو شناختی دستاویز حاصل کرنے میں سہولت فراہم کرتے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ قومی شناختی نظام کی شفافیت برقرار رکھنا ریاستی ذمہ داری ہے اور شناختی ریکارڈ میں کسی بھی قسم کی جعل سازی یا غیر قانونی اندراج کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کاری اور معلومات کے تبادلے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔نادرا بلوچستان کی جانب سے جاری کارروائی کے دوران مشکوک شناختی کارڈز کی نشاندہی، بائیومیٹرک تصدیق، فیملی ٹری کی جانچ اور دستاویزات کی چھان بین کا عمل جاری رہے گا۔ حکام کے مطابق کارروائی کا دائرہ مزید وسیع کیا جاسکتا ہے اور تصدیق مکمل ہونے کے بعد شناختی کارڈز کو بحال، بلاک یا منسوخ کرنے کا فیصلہ قانون کے مطابق کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button