
کوئٹہ(یو این اے )پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے بولان میں دھماکے سے متاثرہ گیس پائپ لائن کی مرمت میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر مرمتی ٹیموں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرے اور سوئی سدرن گیس کمپنی ہنگامی بنیادوں پر پائپ لائن کی مرمت کرکے متاثرہ اضلاع میں گیس کی فراہمی بحال کرے۔پشتونخوامیپ کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بولان میں گیس پائپ لائن کو دھماکے سے نقصان پہنچنے کے بعد تاحال مرمت مکمل نہ ہونے کے باعث کوئٹہ، پشین، زیارت، مستونگ اور دیگر اضلاع میں گیس کی فراہمی بری طرح متاثر ہے، جس سے لاکھوں صارفین شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔بیان میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس کی فراہمی کے نئے اوقات کار کے شیڈول کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کمپنی عوام کے صبر کا امتحان لے رہی ہے اور ایسے خود ساختہ عوام دشمن فیصلوں کی پشتونخوامیپ سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ نئے شیڈول کو فوری واپس لے کر دن بھر مکمل دبا کے ساتھ گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔پشتونخوامیپ نے کہا کہ گیس کی عدم دستیابی کے باعث گھریلو صارفین کو کھانا پکانے اور روزمرہ امور میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ شہری مہنگے داموں ایل پی جی سلنڈر اور دیگر متبادل ایندھن خریدنے پر مجبور ہیں۔ کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے یہ صورتحال اضافی مالی بوجھ بن چکی ہے، جبکہ ہوٹلوں، تندوروں، چھوٹے کاروباروں اور دیگر گیس استعمال کرنے والے شعبوں کا کاروبار بھی متاثر ہورہا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کا سکیورٹی سے متعلق مقف اپنی جگہ، تاہم عوام کو طویل عرصے تک بنیادی سہولت سے محروم رکھنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ اگر پائپ لائن کی مرمت کے لیے سکیورٹی کا مسئلہ درپیش ہے تو حکومت فوری طور پر متعلقہ عملے اور مرمتی ٹیموں کو مکمل سکیورٹی فراہم کرے تاکہ تکنیکی ماہرین بلاخوف اپنا کام مکمل کرسکیں۔پشتونخوامیپ نے حکومت اور گیس کمپنی پر زور دیا کہ ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنے کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں۔ حکومت سکیورٹی فراہم کرے اور گیس کمپنی اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر متاثرہ پائپ لائن کی مرمت مکمل کرکے گیس کی فراہمی بحال کرے۔بیان میں کہا گیا کہ گیس کی فراہمی معطل ہونے کے باوجود صارفین سے باقاعدگی سے بل وصول کیے جارہے ہیں، لہذا طویل بندش سے عوام کو ہونے والے مالی اور گھریلو نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائے۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ جن علاقوں میں گیس کے بلوں کی وصولی نہیں ہورہی، کمپنی وہاں اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، نہ کہ پورے کوئٹہ اور صوبے کے دیگر اضلاع کو گیس کی فراہمی سے محروم رکھا جائے۔پشتونخوامیپ نے وفاقی و صوبائی حکومت اور متعلقہ گیس کمپنی سے مطالبہ کیا کہ بولان گیس پائپ لائن کی مرمت میں مزید تاخیر نہ کی جائے، سکیورٹی کا مثر انتظام کیا جائے، متاثرہ اضلاع میں فوری طور پر گیس بحال کی جائے اور گیس کی فراہمی کے نئے اوقات کار کا نوٹیفکیشن فوری واپس لے کر دن بھر مکمل دبا کے ساتھ گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔



