بلوچستانتازہ ترین

نیشنل پارٹی کی اصل طاقت کارکن ہیں، ڈاکٹر عبدالمالک بلو چ

مسائل کو مشاورت سے حل کرنا نیشنل پارٹی کی روایت ہے، پارٹی سربراہ

نیاز بلوچ کی رہائش گاہ پر پارٹی کے سینئر کارکنوں سے ملاقات کی
نیاز بلوچ کی رہائش گاہ پر پارٹی کے سینئر کارکنوں سے ملاقات کی

کوئٹہ یو این اے نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے نیاز بلوچ کی رہائش گاہ پر پارٹی کے سینئر کارکنوں اور دوستوں سے ملاقات کی، جس میں تنظیمی امور، حالیہ تنظیمی انتخابات اور کارکنوں کے تحفظات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے سینئر نائب صدر میر شاوس بزنجو بھی موجود تھے۔ملاقات سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی کی اصل طاقت اس کے کارکن ہیں۔ کارکن محض تنظیم کا حصہ نہیں بلکہ پارٹی کی سیاسی میراث، فکری سرمایہ اور جدوجہد کا حقیقی تسلسل ہیں۔ کارکنوں کی قربانیوں، نظریاتی وابستگی اور مسلسل جدوجہد کی بدولت نیشنل پارٹی نے بلوچستان میں ایک سنجیدہ، جمہوری اور اصولی سیاسی قوت کی حیثیت سے اپنی شناخت قائم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کا ہر کارکن قابل احترام ہے اور نیشنل پارٹی کسی بھی کارکن کو تنظیمی عمل سے دور رکھنے کا تصور نہیں کرسکتی۔ تنظیمی سرگرمیوں میں کارکنوں کی شمولیت، مشاورت اور رائے کو بنیادی اہمیت حاصل ہے، جبکہ پارٹی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ کارکنوں کے مسائل سنے اور ان کے تحفظات کا ازالہ کرے۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی کی بنیادی فکر جمہوری اصولوں، قومی برابری، عوام کے حق حکمرانی اور آئین و قانون کی بالادستی پر مبنی ہے۔ پارٹی کے آئین میں کی جانے والی ترامیم کا مقصد کسی فرد یا گروہ کو تقویت دینا نہیں بلکہ تنظیمی ڈھانچے کو زیادہ فعال، منظم، شفاف اور جمہوری تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا تھا۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اس وقت مضبوط ہوتی ہیں جب ان کے اندر اختلاف رائے کو برداشت کیا جائے، تنقید کو مثبت انداز میں لیا جائے اور مسائل کو گفت و شنید، دلیل اور جمہوری طریقہ کار کے ذریعے حل کیا جائے۔ نیشنل پارٹی نے ہمیشہ تنقیدی شعور، سیاسی مکالمے اور داخلی جمہوریت کی روایت کو فروغ دیا ہے اور مستقبل میں بھی اسے برقرار رکھا جائے گا۔ملاقات کے دوران سینئر کارکنوں اور عہدیداران نے حالیہ تنظیمی انتخابات کے حوالے سے اپنے تحفظات اور خدشات سے پارٹی سربراہ کو آگاہ کیا۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے تمام شرکا کی بات تحمل سے سنی اور یقین دہانی کرائی کہ پارٹی قیادت ان تحفظات کو سنجیدگی سے لے گی اور ان کا حل باہمی مشاورت، آئینی دائرہ کار اور تنظیمی اصولوں کے مطابق تلاش کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں اس حوالے سے مزید باقاعدہ نشستیں منعقد کی جائیں گی۔ نیشنل پارٹی کسی بھی اختلاف کو ذاتی یا گروہی تنازع میں تبدیل کرنے کے بجائے سیاسی اور تنظیمی عمل کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ کارکنوں کا اعتماد ہی تنظیم کی مضبوطی کی ضمانت ہے۔ تمام ساتھیوں کو ذاتی پسند و ناپسند سے بالاتر ہوکر پارٹی کے وسیع تر مفاد، نظریاتی تشخص اور قومی جدوجہد کو مقدم رکھنا ہوگا۔ نیشنل پارٹی کی طاقت کسی فرد یا عہدے میں نہیں بلکہ کارکنوں کے اعتماد، نظریاتی وابستگی، جمہوری فکر اور اجتماعی جدوجہد میں ہے۔ملاقات میں ڈاکٹر رمضان ہزارہ، انیل غوری، حاجی نعیم بنگلزئی، ریاض زہری، حنیف کاکڑ، چیئرمین اسلم بلوچ، آغا ذہن شاہ، نصراللہ شاہوانی، حاجی ادریس شاہوانی، ثنا اللہ کھیازئی، کامریڈ رحمت اللہ پرکانی، مالک بلوچ، عارف کرد سمیت دیگر سینئر کارکنوں اور عہدیداران نے شرکت کی اور اظہار خیال کیا۔

 

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button