
قلعہ عبداللہ(یو این اے) تحصیل گلستان کے علاقے سیگی میں گزشتہ شب کراچی سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں دو لڑکیاں جاں بحق جبکہ ان کے والدین اور ایک کمسن بچی زخمی ہوگئی۔پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک مقامی دکاندار اور گاڑی میں سوار خاندان کے افراد کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس کے دوران دکاندار کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔ ذرائع کے مطابق خاندان نے گاڑی وہاں سے نکالنے کی کوشش کی تو بازار کے چوکیداروں نے گاڑی پر مبینہ طور پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دو لڑکیاں موقع پر جاں بحق ہوگئیں جبکہ ان کے والدین اور ایک کمسن بچی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندان کے شناختی کارڈز پر کراچی اور اسلام آباد کے پتے درج ہیں۔ واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کے لیے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔



