
کوئٹہ )یو این اے(محکمہ ٹرانسپورٹ بلوچستان نے سریاب اور کچلاک کے درمیان چلائی جانے والی پیپلز ٹرین کے افتتاح کو ملتوی کرنے کی تصدیق کردی۔ سیکریٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان حیات کاکڑ کے مطابق پیپلز ٹرین کا افتتاح 14 اگست کو کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر کیا جانا تھا، تاہم ٹرین کی بوگیوں کی آمد میں تاخیر کے باعث افتتاحی تقریب ملتوی کردی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سریاب اور کچلاک کے درمیان 32 کلومیٹر طویل روٹ پر پیپلز ٹرین چلانے کے لیے 7 اسٹیشنز قائم کیے جاچکے ہیں، جبکہ ٹرین کے لیے خصوصی بوگیاں اسلام آباد کی کیرج فیکٹری میں تیار ہیں، تاہم تاحال کوئٹہ نہیں پہنچ سکیں۔سیکریٹری ٹرانسپورٹ کے مطابق حکومت بلوچستان، وفاقی حکومت اور محکمہ ریلوے کے درمیان مشاورت کے بعد پیپلز ٹرین کے افتتاح کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔محکمہ ٹرانسپورٹ بلوچستان کے مطابق پیپلز ٹرین منصوبے پر مجموعی طور پر 4 ارب روپے لاگت آئی ہے۔



