
کوئٹہ (یو این اے) نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے گدر، سوراب میں جیٹ طیاروں کے ذریعے مبینہ بمباری اور درجنوں افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام آبادی کے خلاف آپریشن اور بمباری ظلم و جبر کی انتہا اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔مرکزی ترجمان نے کہا کہ عام شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، بے گناہ شہریوں کو کسی جرم کے بغیر سزا دینا اور انہیں خوف و ہراس میں مبتلا کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ طاقت کا استعمال اپنے ہی شہریوں کے خلاف مسائل حل کرنے کے بجائے انہیں مزید پیچیدہ اور سنگین بناتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے روزِ اول سے واضح کیا ہے کہ طاقت کا استعمال بلوچستان کے مسائل کا حل نہیں بلکہ اس سے مزید بداعتمادی اور تشدد کو جنم ملتا ہے۔ بلوچستان کے مسائل کا حل طاقت کے بجائے سیاسی مکالمے، آئین و قانون کی بالادستی اور عوام کے بنیادی حقوق کے احترام میں مضمر ہے۔ترجمان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سوراب میں فوری طور پر مبینہ آپریشن اور بمباری کا سلسلہ بند کیا جائے، شہری آبادی کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور زخمیوں کو فوری طور پر بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔



