بلوچستانتازہ ترین

بلوچستان کے نوجوانوں کو بندوق کے بجائے قلم، تعلیم اور روزگار کی طرف لانا ہوگا، ظہور بلید ی

سیاسی عمل اور قومی دھارے میں شمولیت سے ہی ممکن ہے، صوبائی وزیر

بلوچستان کے نوجوانوں کو بندوق کے بجائے قلم، تعلیم اور روزگار کی طرف لانا ہوگا، ظہور بلید ی
بلوچستان کے نوجوانوں کو بندوق کے بجائے قلم، تعلیم اور روزگار کی طرف لانا ہوگا، ظہور بلید ی

بلیدہ: صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی نے دو ہفتے بعد اپنے حلقے کا دورہ کیا اور گورنمنٹ شہید ایوب ڈگری کالج بلیدہ میں منعقدہ تعلیمی کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔تعلیمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ نوجوان کسی بھی معاشرے کا اصل سرمایہ اور مستقبل ہوتے ہیں، انہیں مثبت، تعمیری اور صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ والدین بچوں کے ساتھ دوستانہ ماحول میں گفتگو کریں، ان کے مسائل سمجھیں اور انہیں سوشل میڈیا کے مثبت اور ذمہ دارانہ استعمال سے متعلق آگاہی دیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو ورغلا کر ایک لاحاصل جنگ میں دھکیلا جا رہا ہے، جس کا سب سے بڑا نقصان خود نوجوانوں اور ان کے خاندانوں کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ بندوق کے زور پر کسی قوم یا ملک کو مستقل طور پر فتح نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ جنگوں کا انجام انسانی جانوں کے ضیاع، تباہی اور معاشرتی نقصان کی صورت میں نکلتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ہزاروں نوجوان اس تنازع کا ایندھن بن سکتے ہیں اور اندازہ ہے کہ 50 سے 60 ہزار افراد اس تنازع کی نذر ہوسکتے ہیں۔ بالآخر مسلح افراد کو بھی ایک دن ہتھیار چھوڑ کر قومی دھارے میں شامل ہونا ہوگا، کیونکہ پائیدار حل طاقت نہیں بلکہ مذاکرات، سیاسی عمل اور قومی دھارے میں شمولیت سے ہی ممکن ہے۔میر ظہور بلیدی نے کرد قوم اور ترکی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں کردوں اور ترکی کے درمیان بھی ایک طویل تنازع موجود رہا، تاہم وقت کے ساتھ سیاسی راستہ اختیار کیا گیا اور لوگ حکومت اور قومی دھارے کا حصہ بنے۔ اس سے یہ سبق ملتا ہے کہ پیچیدہ مسائل کا مستقل حل طاقت کے بجائے سیاسی، جمہوری اور مذاکراتی عمل کے ذریعے تلاش کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ممکن ہے آج ہم جو بات کر رہے ہیں اس کے نتائج اپنی زندگی میں دیکھیں یا آنے والی نسلیں اس تبدیلی کا مشاہدہ کریں، تاہم تاریخ یہ ضرور یاد رکھے گی کہ بلوچستان کے مسئلے کا پائیدار حل تعلیم، ترقی، سیاسی عمل اور نوجوانوں کو مثبت راستہ فراہم کرنے میں ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت اور باہمت ہیں، انہیں مایوسی اور تشدد کے بجائے تعلیم، ہنر، روزگار اور ترقی کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے حکومت، والدین، اساتذہ اور معاشرے کے تمام طبقات کو مشترکہ ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔کانفرنس سے ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر کالجز سر برکت اسماعیل اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ امجد شہزاد نے بھی خطاب کیا اور تعلیم کی اہمیت و فضیلت پر روشنی ڈالی۔ کالج کے پرنسپل الہی بخش بلوچ نے اظہار تشکر کیا، جبکہ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض اسسٹنٹ پروفیسر انور زہیر نے انجام دیے۔ تلاوت کلام پاک کی سعادت لیکچرار مولانا عبدالوکیل نے حاصل کی۔پروگرام کے بعد گدروشیا پوائنٹ پر گفتگو کرتے ہوئے میر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کی بنیادی اکائی ہے۔ بلوچستان کے نوجوانوں کو بندوق کے بجائے قلم، تعلیم، ہنر اور روزگار کی طرف لانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ اس بات پر بھی کڑی نظر رکھیں کہ وہ سوشل میڈیا پر کیا دیکھ رہے ہیں اور کن سرگرمیوں کا حصہ بن رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button