
کوئٹہ (یو این اے) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ سے اغوا ہونے والے دونوں ڈرائیورز کی فوری اور بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغوی ڈرائیورز اپنے خاندانوں کے واحد کفیل ہیں، انہیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جلد رہا کیا جائے۔اپنے بیان میں کاشف حیدری نے کہا کہ مغوی ڈرائیورز ایک نجی کمپنی کے ملازمین ہیں جو کوئٹہ-کراچی روٹ پر محنت مزدوری کرکے اپنے اہل خانہ کی کفالت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ غریب ڈرائیورز بھاری تاوان ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے، اس لیے حکومت اور متعلقہ ادارے ان کی محفوظ واپسی یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ڈرائیورز کے اغوا کے باعث ان کے خاندان شدید پریشانی، اضطراب اور ذہنی اذیت کا شکار ہیں، اس لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔ترجمان تنظیم تاجران بلوچستان کا کہنا تھا کہ ایک طرف کاروباری جمود، مہنگائی اور ٹیکسوں کے دبا نے تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور نجی شعبے کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے، جبکہ دوسری جانب شاہراہوں پر بدامنی اور اغوا کے واقعات سے خوف و ہراس میں اضافہ ہو رہا ہے، جو ملکی معیشت اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے نیک شگون نہیں۔کاشف حیدری نے وفاقی و صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ مغوی ڈرائیورز کی فوری بازیابی کے ساتھ ساتھ شاہراہوں پر تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیورز کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مثر اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام بلا خوف و خطر اپنا روزگار جاری رکھ سکیں۔



