
نصیرآباد، جھل مگسی (یو این اے)ضلع جھل مگسی پولیس نے اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کا نان کسٹم پیڈ سامان برآمد کر لیا، جبکہ چار مبینہ اسمگلروں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے پولیس ذرائع کے مطابق کارروائی جھل مگسی کے علاقے کوٹ مگسی میں قائم 32 موری چیک پوسٹ پر کی گئی، جہاں معمول کی گشت اور ناکہ بندی کے دوران اہلکاروں نے دو مشکوک گاڑیوں کو رکنے کا اشارہ کیا۔ تاہم دونوں گاڑیوں کے ڈرائیوروں نے پولیس کا اشارہ نظر انداز کرتے ہوئے گاڑیاں تیزی سے بھگا کر فرار ہونے کی کوشش کی پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر صورتحال سے ایس ایچ او کوٹ مگسی کو آگاہ کیا، جس پر پولیس کی اضافی نفری نے علاقے میں ناکہ بندی کرتے ہوئے دونوں گاڑیوں کا تعاقب کیا۔ کامیاب کارروائی کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں کو روک لیا گیا اور ان میں سوار چار مبینہ اسمگلروں کو گرفتار کر لیا گیا پولیس نے گرفتار افراد اور گاڑیوں کی تلاشی لی تو ان سے بڑی مقدار میں نان کسٹم پیڈ سگریٹ اور چھالیہ برآمد ہوئی، جس کی مالیت ابتدائی اندازوں کے مطابق کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے۔ برآمد شدہ سامان کو قبضے میں لے کر سرکاری تحویل میں منتقل کر دیا گیا پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ نان کسٹم پیڈ سامان بلوچستان کے علاقے اوستہ محمد سے کوٹ مگسی کے راستے سندھ اسمگل کیا جا رہا تھا۔ بروقت کارروائی کے باعث اسمگلنگ کی یہ کوشش ناکام بنا دی گئی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ اسمگلنگ میں ملوث بڑے نیٹ ورک، سہولت کاروں اور خریداروں تک پہنچا جا سکے۔ اس سلسلے میں مختلف پہلوں پر تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔جھل مگسی پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ضلع بھر میں اسمگلنگ، منشیات اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے اور غیر قانونی کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ سرحدی اور داخلی راستوں پر نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی قسم کی اسمگلنگ کی کوشش کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔



