
کوئٹہ(یو این اے )پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے مستونگ میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے محافظ کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے بلوچستان حکومت کو امن و امان کی صورتحال میں مکمل ناکام قرار دے دیا۔پارٹی کی جانب سے جاری مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ مستونگ واقعہ نظامِ انصاف پر ایک سنگین حملہ ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ قانون کے محافظوں کو نشانہ بنانا ریاستی اداروں کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔بیان میں کہا گیا کہ صوبے میں بھاری سیکیورٹی انتظامات، چیک پوسٹوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موجودگی کے باوجود دہشت گرد کارروائیوں کا جاری رہنا حکومتی اور ادارہ جاتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان حکومت امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں ناکامی پر فوری طور پر مستعفی ہو، جبکہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔



