
کوئٹہ(یو این اے )مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے کہا ہے کہ ٹینکر مافیا نے من مانے نرخوں، ناجائز منافع خوری اور عوامی استحصال کی تمام حدیں پار کر دی ہیں، حکومت فوری طور پر ٹینکر مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرے۔آل واٹر ٹینکر ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کاشف حیدری نے کہا کہ ایک طرف کوئٹہ شہر پانی کے شدید بحران سے دوچار ہے، واسا کی ناقص کارکردگی اور متعدد علاقوں میں پانی کی عدم فراہمی کے باعث شہری مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ دوسری جانب ٹینکر مافیا اسی صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے شہریوں سے من مانے نرخ وصول کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو پینے کے پانی جیسی بنیادی ضرورت کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے، لیکن اب ہڑتال کی دھمکی دے کر پورے شہر کو یرغمال بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پانی کی قلت کی آڑ میں عوامی مجبوری کو کاروبار بنانا اور دبا ڈالنے کی سیاست کھلی بلیک میلنگ ہے۔کاشف حیدری نے کہا کہ برسوں سے شہری مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں، مگر متعلقہ ادارے ٹینکر مافیا کے خلاف مثر اقدامات کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ٹینکر مافیا کے سامنے جھکتی رہی تو اس سے ریاستی رٹ متاثر ہوگی۔انہوں نے حکومت بلوچستان، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ ٹینکر مافیا کے خلاف فوری، سخت اور بلاامتیاز کریک ڈان کیا جائے، غیر قانونی نرخ وصول کرنے، مصنوعی قلت پیدا کرنے اور عوام کا استحصال کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائے اور مافیا کلچر کا خاتمہ کرے، کیونکہ عوام مزید استحصال برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں۔



