
کوئٹہ(یو این اے )وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان کا مستقبل پاکستان سے وابستہ ہے، جبکہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کا راستہ تعلیم، تحقیق اور شعور سے ہو کر گزرتا ہے۔اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ بندوق نہیں بلکہ قلم اور تعلیم ہی قوموں کی ترقی کا ذریعہ بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت، تشدد اور انتہا پسندی کا راستہ صرف تباہی اور اندھیروں کی طرف لے جاتا ہے۔میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ ہتھیار کے بجائے تعلیم، تحقیق اور مثبت سرگرمیوں کا راستہ اختیار کریں تاکہ ملک اور صوبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ پہاڑوں کا رخ کرنے والے نوجوان نہ صرف اپنی زندگیوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں بلکہ بلوچستان کی ترقی کے عمل کو بھی متاثر کر رہے ہیں۔ انہوں نے خواتین کے شدت پسندی میں شامل ہونے کے رجحان کو تشویشناک قرار دیا۔وزیر داخلہ بلوچستان نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو بہتر تعلیمی سہولیات، ترقی کے مواقع اور روشن مستقبل فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جبکہ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مثبت سمت میں استعمال کریں۔



