
کوئٹہ(یو این اے)ڈی آئی جی مکران رینج عمران قریشی اور ایس ایس پی گوادر فلائٹ لیفٹیننٹ (ر)عطاالرحمن خان کی خصوصی ہدایات پر گوادر سٹی پولیس نے ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران شہر میں سرگرم موٹرسائیکل چور گینگ کے تین مبینہ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے پانچ مسروقہ موٹرسائیکلیں برآمد کی گئیں۔ گرفتار ملزمان میں ملا بخش ولد سخی داد، سکنہ کلانچی پاڑہ گوادر، عبداللہ ولد شفی محمد، سکنہ کلانچی پاڑہ گوادر، اور حاصل ولد بابو، سکنہ دشت/کلانچی پاڑہ گوادر شامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے ابتدائی تفتیش جاری ہے، جبکہ گینگ کے دیگر مبینہ ملزمان کی گرفتاری اور مزید مسروقہ موٹرسائیکلوں کی برآمدگی کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گوادر پولیس نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور ضلع میں امن و امان کے قیام عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔گوادر پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا جرائم سے متعلق معلومات فوری طور پر پولیس کے ساتھ شیئر کریں تاکہ بروقت کارروائی کے ذریعے جرائم کی روک تھام کو مزید موثر بنایا جا سکے۔



