
ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی(ایچ ڈی پی) کے ضلعی بیان کے مطابق پارٹی کے حلقہ کونسلوں کے انتخابات برائے سال 2026-27 مرکزی سیکرٹریٹ علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاون دفتر میں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئے۔ پولنگ کا عمل پورا دن جاری رہا، جس کے بعد چیئرمین الیکشن کمیٹی ڈاکٹر سخی نے انتخابی نتائج کا اعلان کیا۔اس موقع پر نائب چیئرمین مرزا حسین ہزارہ، محمد زمان دہقانزادہ، داد چنگیزی اور فریدہ نے نو منتخب عہدیداران اور اراکین کو مبارکباد دیتے ہوئے انتخابی عمل میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں، کارکنوں اور الیکشن کمیٹی کا شکریہ ادا کیا۔ مقررین نے کہا کہ پارٹی کے آئین اور جمہوری اصولوں کے مطابق انتخابات کے کامیاب انعقاد سے تنظیم کے اندر جمہوری روایات مزید مضبوط ہوئی ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب اراکین پارٹی کے نظریات، تنظیمی استحکام، عوامی خدمت اور کارکنوں کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ بیان میں کہا گیا کہ تمام انتخابی مراحل پارٹی کے آئین، ضابط کار اور مقررہ انتخابی طریقہ کار کے مطابق مکمل کیے گئے، جبکہ اہل اراکین نے بھرپور شرکت کرکے اپنی جمہوری ذمہ داری ادا کی۔ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ جمہوری اقدار، شفافیت، احتساب، قومی یکجہتی، عوامی حقوق کے تحفظ اور محروم طبقات کی نمائندگی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ پارٹی نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اتحاد، تنظیمی نظم و ضبط اور مشترکہ جدوجہد کے جذبے کے ساتھ پارٹی کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔تقریب میں مرکزی سیکرٹری جنرل احمد علی کوہزاد، ڈپٹی سیکرٹری جنرل عصمت اللہ یاری، اراکین مرکزی کونسل عبدالعلی ہزارہ، غلام علی ہزارہ، رحمت علی، سیما بتول، نائب صدر ضلع کوئٹہ فدا حسین ہزارہ، ضلعی سیکرٹری ذاکر حسین، ڈپٹی سیکرٹری ناظر چنگیزی، عبدالاحمد سمیت پارٹی کے دیگر عہدیداران اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔



