
کوئٹہ(یو این اے )عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان نے سوشل میڈیا پر صوبائی صدر اور سابق رکن بلوچستان اسمبلی اصغر خان اچکزئی سے منسوب لیویز فورس کی بحالی سے متعلق گردش کرنے والے تاثر کو غلط اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے اس کی وضاحت جاری کی ہے۔جاری بیان کے مطابق سانحہ زیارت کے لواحقین، سیاسی قائدین اور حکومتی وفد کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے دوران اصغر خان اچکزئی نے لیویز فورس کی بحالی کا مطالبہ اٹھایا۔ اس موقع پر حکومتی وفد میں شامل صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے مقف اختیار کیا کہ لیویز فورس اسمبلی میں قانون سازی کے ذریعے ختم کی گئی تھی۔بیان کے مطابق اصغر خان اچکزئی نے اس مقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ لیویز فورس اسمبلی کی قانون سازی سے نہیں بلکہ کابینہ کے فیصلے کے ذریعے ختم کی گئی تھی، لہذا حکومت کابینہ کا اجلاس بلا کر اسی طریقہ کار کے تحت اس فیصلے کو واپس لے اور لیویز فورس کو فوری طور پر بحال کرے۔انہوں نے کہا کہ لیویز فورس کی بحالی عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے، اس لیے حکومت کو اس حوالے سے فوری اور عملی اقدامات کرنے چاہییں تاکہ عوام کے مطالبات کو پورا کیا جا سکے۔



