
کوئٹہ(یو این اے )جمہوری وطن پارٹی بلوچستان نے صوبائی جنرل سیکرٹری ندیم خان کاکڑ اور پارٹی رہنما نسیم خان کاکڑ کے خلاف سوشل میڈیا اور بعض حلقوں کی جانب سے چلائے جانے والے مبینہ پروپیگنڈے کو بے بنیاد، گمراہ کن اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے اس کی سختی سے تردید کی ہے۔پارٹی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ہنہ اوڑک میں پیش آنے والا افسوسناک سانحہ، جس میں دہشت گردوں کے ہاتھوں چار سے پانچ بے گناہ نوجوان شہید ہوئے، پوری قوم کے لیے انتہائی دلخراش واقعہ تھا۔ سانحے کے بعد لواحقین اور علاقے کے عوام نے اپنے جائز مطالبات کے حق میں ایئرپورٹ روڈ پر بی اے مال کے سامنے کئی روز تک پرامن دھرنا دیا، جس میں ندیم خان کاکڑ، نسیم خان کاکڑ اور جمہوری وطن پارٹی کے کارکنان نے متاثرہ خاندانوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔بیان میں کہا گیا کہ دھرنے سے متعلق تمام فیصلے قبائلی عمائدین، شہدا کے لواحقین، دھرنے کی قیادت، سیاسی جماعتوں اور دیگر ذمہ داران کی باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے کیے گئے، کسی ایک فرد نے اکیلے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ احتجاج کا مقصد سیاسی فائدہ حاصل کرنا نہیں بلکہ شہدا کے خاندانوں کو انصاف دلانا، لاپتہ افراد کی بحفاظت بازیابی اور علاقے میں امن کا قیام تھا۔جمہوری وطن پارٹی کے مطابق اسی دوران دہشت گردوں کے قبضے میں موجود دس افراد کی محفوظ رہائی کے لیے سنجیدہ کوششیں کی گئیں اور کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں تمام افراد بحفاظت اپنے خاندانوں تک واپس پہنچے، جو عوامی مفاد میں ایک اہم کامیابی تھی۔بیان کے مطابق دھرنے کے دوران حکومت کے سامنے وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف کی کوئٹہ آمد، ہنہ اوڑک اور گردونواح میں دہشت گردوں کے خلاف مثر سرچ آپریشن، اور شہدا کے لواحقین کو معاوضہ و دیگر امداد کی فراہمی سمیت کئی مطالبات پیش کیے گئے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں ان مطالبات پر مثبت پیش رفت ہوئی، سرچ آپریشن کا آغاز کیا گیا اور شہدا کے خاندانوں کو معاوضہ دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ بعض عناصر ان اقدامات کو مسخ کرتے ہوئے یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ شہدا کے خون کا سودا کیا گیا یا کوئی سمجھوتہ ہوا، حالانکہ یہ دعوے سراسر جھوٹ اور گمراہ کن ہیں۔ پارٹی کے مطابق مذاکرات کا مقصد صرف انسانی جانوں کا تحفظ، مزید خونریزی کی روک تھام، یرغمال افراد کی بحفاظت بازیابی، دہشت گردوں کے خلاف مثر کارروائی اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی تھا۔جمہوری وطن پارٹی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ وہ ہر قسم کی دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور ہنہ اوڑک سمیت پورے بلوچستان میں پائیدار امن، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور دہشت گردوں کے خلاف مثر کارروائی کی حامی ہے۔ پارٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں اور منفی پروپیگنڈے پر یقین کرنے کے بجائے حقائق کو مدنظر رکھیں اور ایسے عناصر کو مسترد کریں جو علاقے کے امن، اتحاد اور عوامی یکجہتی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔



