بلوچستانتازہ ترین

معروف تاجر ہاشم نورزئی قتل کیس، تین مشتبہ افراد گرفتار، پولیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت

تحقیقات ابھی حتمی مرحلے میں نہیں، قیاس آرائیوں اور غیر مصدقہ اطلاعات سے گریز کیا جائے: کوئٹہ پولیس

گرفتار افراد مقتول کے قریبی جاننے والے اور احتجاج و فاتحہ خوانی میں بھی شریک رہے، پولیس
گرفتار افراد مقتول کے قریبی جاننے والے اور احتجاج و فاتحہ خوانی میں بھی شریک رہے، پولیس

کوئٹہ (یو این اے): صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں معروف تاجر ہاشم نورزئی کے قتل کیس میں پولیس نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے تین مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار افراد مقتول کے قریبی جاننے والے اور دوست تھے، جنہوں نے مبینہ طور پر واردات کے بعد خود کو شک سے بچانے کے لیے مقتول کے قتل کے خلاف ہونے والے احتجاج اور فاتحہ خوانی میں بھی شرکت کی۔

پولیس ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم نے سی سی ٹی وی فوٹیج، موبائل فون ریکارڈ، خفیہ معلومات، فرانزک شواہد اور دیگر جدید تکنیکی ذرائع کی مدد سے تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا، جس کے بعد شبہ چند قریبی افراد پر گیا۔ نگرانی اور ابتدائی شواہد کی بنیاد پر تینوں مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر باقاعدہ گرفتار کر لیا گیا۔

تحقیقاتی ذرائع کے مطابق ملزمان سے قتل کی منصوبہ بندی، محرکات، واردات میں استعمال ہونے والے ذرائع، ممکنہ سہولت کاروں اور دیگر متعلقہ افراد کے کردار کے حوالے سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل طور پر میرٹ پر کی جا رہی ہیں اور کسی بھی ممکنہ کردار کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا، جبکہ فرانزک رپورٹس، ڈیجیٹل شواہد اور دیگر دستیاب معلومات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ مقدمے کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔

یاد رہے کہ ہاشم نورزئی کے قتل کے بعد کوئٹہ کی تاجر برادری میں شدید تشویش پائی جاتی تھی۔ مختلف تجارتی تنظیموں اور سماجی حلقوں نے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرے بھی کیے تھے۔

دوسری جانب کوئٹہ پولیس کے ترجمان نے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ ہاشم نورزئی قتل کیس کی تحقیقات تاحال جاری ہیں اور تفتیش ابھی کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچی۔ ترجمان نے عوام، میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک کسی بھی قسم کی قیاس آرائی، غیر مصدقہ معلومات یا افواہوں کے پھیلاؤ سے گریز کیا جائے کیونکہ اس سے تفتیشی عمل متاثر ہو سکتا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد تمام حقائق اور تفصیلات باضابطہ طور پر میڈیا کے ساتھ شیئر کی جائیں گی، جبکہ کسی بھی ملزم کے جرم کا حتمی تعین عدالت کرے گی اور تمام قانونی کارروائی قانون کے مطابق مکمل کی جائے گی۔

 

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button