
ژوب(یو این اے )بلوچستان کے ضلع ژوب کے قریب دانا سر میں پیش آنے والے المناک مسافر کوچ حادثے نے جہاں درجنوں خاندانوں کو سوگوار کر دیا، وہیں صوبے کے ایمرجنسی ریسپانس اور ریسکیو نظام کی کمزوری بھی نمایاں ہو کر سامنے آگئی۔ حادثے کے بعد موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جائے وقوعہ پر زخمیوں اور جاں بحق افراد کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے ایک بھی ایمبولینس دستیاب نہیں تھی، جس کے باعث مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی سرگرمیاں انجام دیں۔عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے فوری بعد مقامی لوگ بڑی تعداد میں موقع پر پہنچے اور اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر گہری کھائی میں اترے، جہاں سے انہوں نے زخمیوں اور جاں بحق افراد کو باہر نکالا۔ ایمبولینسوں کی عدم دستیابی کے باعث زخمیوں اور میتوں کو لوڈنگ گاڑیوں، پک اپس اور دیگر نجی گاڑیوں کے ذریعے ژوب کے اسپتال منتقل کیا گیا۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ دانا سر ژوب شہر سے زیادہ دور نہیں، اس کے باوجود اتنے بڑے سانحے کے موقع پر فوری طبی امداد اور ایمبولینس سروس کی عدم دستیابی انتہائی افسوسناک ہے۔ ان کا مقف ہے کہ اگر بروقت ریسکیو سہولیات موجود ہوتیں تو ممکن تھا کہ بعض شدید زخمیوں کی جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔شہریوں، سماجی حلقوں اور مقامی عمائدین نے حکومت بلوچستان، محکمہ صحت، پی ڈی ایم اے اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی شاہراہوں پر جدید ایمبولینس سروس، ریسکیو اسٹیشن، ٹراما سینٹرز اور ہنگامی طبی امداد کے مراکز قائم کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات کے دوران قیمتی انسانی جانوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔



