
کوئٹہ(یو این اے )ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی (ایچ ڈی پی)نے محکمہ تعلیم کی جانب سے علمدار روڈ کے سرکاری تعلیمی اداروں کی اساتذہ کی آسامیاں ختم کرکے دیگر علاقوں میں منتقل کرنے کے اقدام کو مخصوص علاقوں کے ساتھ زیادتی قرار دیتے ہوئے فیصلہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔پارٹی کے مرکزی بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ تعلیم میں مبینہ طور پر نسلی، لسانی اور علاقائی تعصبات کی بنیاد پر ہزارہ قوم اور کوئٹہ کے شہریوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے، جس کی ایک مثال علمدار روڈ کے تعلیمی اداروں سے اساتذہ کی آسامیوں کی منتقلی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ایک جانب علاقے کے تعلیمی اداروں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں نظرانداز کیا جا رہا ہے، جبکہ دوسری جانب ہزاروں طالبات کے زیرِ تعلیم اسکولوں سے اساتذہ کی آسامیاں ختم کرکے علاقے کے عوام کو یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ ان کے مسائل پر کوئی توجہ دینے والا موجود نہیں۔ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے مزید کہا کہ عوامی نمائندگی کے مثر کردار کے فقدان کے باعث علاقہ مختلف مسائل سے دوچار ہے، جبکہ اساتذہ کی آسامیوں کی منتقلی سے طالبات کی تعلیم بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔پارٹی نے محکمہ تعلیم سے مطالبہ کیا کہ اساتذہ کی پوسٹوں کی منتقلی کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور علمدار روڈ سمیت متعلقہ تعلیمی اداروں کے ساتھ مبینہ امتیازی رویہ ختم کرتے ہوئے تعلیمی سہولیات اور تدریسی عملے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔



