
کوئٹہ (یو این اے ) سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اسد قیصر نے دیگر قائدین کے ہمراہ پارٹی دفتررکوئٹہ میں ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خیبرپختونخوا اور پی ٹی آئی کی طرف سے بلوچستان کے عوام کے لیے محبت کا پیغام لے کر آئے ہیں۔ بلوچستان کے عوام نے ملک و قوم کے لیے بہت بڑی قربانیاں دی ہیں اور قانون کے مطابق بلوچستان کو اس کا پورا حق ملنا چاہئے۔ انہوں نے صوبے کی موجودہ سیاسی و انتظامی صورتحال پر پارٹی کے واضح موقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں ہمیشہ وہی حکومت قائم کی گئی جو عوامی نہیں تھی، اور موجودہ صوبائی اسمبلی میں بھی اکثریت ایسے نمائندوں کی ہے جو عوام کے حقیقی نمائندے نہیں ہیں۔ جب عوام سے ان کا بنیادی سیاسی اور جمہوری حق چھینا جائے گا تو حالات لازمی طور پر خراب ہوں گے۔اسد قیصر نے صوبے میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں اس وقت حکومتی رِٹ نام کی کوئی چیز نہیں ہے اور تمام قومی شاہراہیں اس حد تک غیر محفوظ ہو چکی ہیں کہ سفر کے دوران بے گناہ لوگوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب حالات اس قدر خراب ہوں، شاہراہیں غیر محفوظ ہوں اور عوام کو تحفظ فراہم نہ کیا جائے تو کوئی بھی کاروباری شخص یہاں انویسٹ کرنے کا رسک کیسے لے گا۔ اس کے علاوہ تجارتی بارڈرز بند ہونے سے مقامی سطح پر بے روزگاری میں ہولناک اضافہ ہو رہا ہے اور یہاں کا نوجوان مایوسی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام تجارتی بارڈرز کو فوری طور پر کھولا جائے اور ملک میں امن کے قیام کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔پریس کانفرنس کے دوران وفاقی حکومت اور پارلیمنٹ کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ نیشنل اسمبلی نے آج تک جتنی بھی قانون سازیاں کی ہیں ان میں عوام کی بھلائی کے لیے ایک بھی قانون شامل نہیں ہے، جبکہ اس کے برعکس بانی پی ٹی آئی عمران خان کو مزید سزائیں دلوانے کے لیے مسلسل پلان بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک میں حقیقی قانون کی بالادستی اور انصاف کے حصول کے لیے اب سب کو مل کر کھڑا ہونا ہوگا، کیونکہ جب تک عوامی مفاد کی بات نہیں ہوگی، ملک کے حالات کو سدھارنا ممکن نہیں رہے گا۔



