لورالائی، سیشن کورٹ سے چار پولیس افسران کو عدم ثبوت کی بنیاد پر باعزت بری کردیا
کرپشن اور منشیات فروشوں کی معاونت کے مقدمے میں استغاثہ الزامات ثابت کرنے میں ناکام، عدالت کا چاروں کو بری کرنے کا حکم

لورالائی(یو این اے )لورالائی سیشن کورٹ نے مقدمہ فرد نمبر 335/2025 میں نامزد چار پولیس افسران و اہلکاروں کو عدم ثبوت کی بنیاد پر باعزت بری کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ عدالت میں زیرِ سماعت مقدمہ پولیس کی مدعیت میں سب انسپکٹر ممتاز احمد ملغانی، اے ایس آئی عبداللہ باتوزئی، حوالدار اسد اللہ اور حوالدار بابو کے خلاف پاکستان پینل کوڈ (PPC) کی دفعات 116، 165 اور 34 کے تحت درج کیا گیا تھا۔ مقدمے کے اندراج کے بعد مذکورہ افسران اور اہلکاروں کو ملازمت سے بھی برخاست کر دیا گیا تھا، جبکہ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے منشیات فروشوں کے ساتھ مل کر ان کی معاونت اور کرپشن کی ہے۔کیس کی سماعت کے دوران پولیس افسران و اہلکاروں کی جانب سے معروف قانون دان اکبر خان ایڈوکیٹ نے بطور وکیلِ صفائی پیش ہو کر دلائل دیے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل اور ریکارڈ پر موجود شواہد کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ استغاثہ ملزمان کے خلاف الزامات ثابت کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے، جس کے باعث چاروں ملزمان کو عدم ثبوت کی بنیاد پر باعزت بری کر دیا گیا۔واضح رہے کہ دفعہ 165 پاکستان پینل کوڈ سرکاری ملازم کی جانب سے اپنے سرکاری اختیارات یا زیرِ سماعت معاملات سے متعلق کسی شخص سے بلا معاوضہ یا ناکافی معاوضے کے عوض قیمتی چیز حاصل کرنے سے متعلق ہے، جبکہ دفعہ 116 کسی جرم کی اعانت یا اکسانے (Abetment) سے متعلق ہے جب اصل جرم وقوع پذیر نہ ہوا ہو۔ اسی طرح دفعہ 34 مشترکہ نیت (Common Intention) کے تحت ایک سے زائد افراد کی مشترکہ کارروائی سے متعلق قانونی شق ہے۔ عدالتی فیصلے کے بعد ملزمان اور ان کے اہل خانہ نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں انصاف ملا ہے، جبکہ قانونی حلقوں میں بھی فیصلے کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔



