پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں کمی، فی تولہ 1200 روپے سستا ہو گیا
April 22, 2026
عالمی مارکیٹ میں فی اونس قیمت 4,766 ڈالر پر آ گئی، چاندی کے نرخوں میں بھی مندیکراچی(یو این اے )پاکستان بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں مسلسل تیسرے روز بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں فی تولہ سونا مزید 1200 روپے سستا ہو گیا ہے۔ آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں 24 قراط سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 98 ہزار 962 روپے فی تولہ ہو گئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 1029 روپے کی کمی دیکھی گئی، جس کے بعد یہ 4 لاکھ 27 ہزار 779 روپے کی سطح پر آ گیا ہے۔بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے، جہاں فی اونس قیمت 12 ڈالر کی کمی کے بعد 4,766 ڈالر ہو گئی ہے۔ سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمتوں میں بھی مندی رہی، جہاں فی تولہ چاندی 34 روپے سستی ہو کر 8,324 روپے کی سطح پر آگئی۔ معاشی ماہرین کے مطابق اسلام آباد میں جاری حالیہ سفارتی مذاکرات کے باعث سرمایہ کار تذبذب کا شکار ہیں، جس کا اثر عالمی اور مقامی منڈیوں میں قیمتوں کی کمی کی صورت میں ظاہر ہو رہا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران بھی سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔