دنیا
جب تک امریکی بحری حصار ختم نہیں ہوتا، کوئی بات چیت نہیں ہوگی ایران کادوٹوک فیصلہ

رپورٹ کے مطابق ایرانی قیادت نے یہ فیصلہ امریکی دباؤ اور خطے میں بڑھتی ہوئی عسکری موجودگی کے تناظر میں کیا ہے۔ ایرانی حکام کا موقف ہے کہ ایک طرف ایران کے تجارتی اور دفاعی راستوں کو بحری ناکہ بندی کے ذریعے مفلوج کرنا اور دوسری طرف مذاکرات کی دعوت دینا تضاد پر مبنی پالیسی ہے۔ ایران نے واضح کر دیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے دباؤ کے تحت میزِ گفتگو پر نہیں آئے گا بلکہ اس کے لیے سازگار اور منصفانہ ماحول کی فراہمی پہلی شرط ہے۔
دوسری جانب، سفارتی حلقوں میں ایران کے اس فیصلے کو امریکہ کے لیے ایک سخت پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور دیگر اعلیٰ حکام نے پاکستان کے دورے اور ایران کے ساتھ بات چیت کا عندیہ دیا تھا، تاہم ایران کے اس تازہ ترین اعلان نے مذاکراتی عمل کے آغاز پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بحری ناکہ بندی کا معاملہ فوری حل نہ ہوا تو خطے میں سفارتی کوششیں تعطل کا شکار ہو سکتی ہیں، جس کے نتیجے میں کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔



