پاکستان

پاکستان کی ثالثی دنیا کو تیسری عالمی جنگ سے بچا رہی ہے، فضل الرحمان

امریکی صدر پہلے گفتگو کے آداب سیکھیں، اقتصادی مستقبل پر فیصلہ سازوں سے سوال کرتے رہیں گے
امریکی صدر پہلے گفتگو کے آداب سیکھیں، اقتصادی مستقبل پر فیصلہ سازوں سے سوال کرتے رہیں گے
لاہور (یو این اے): جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان جو ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے، وہ دنیا کو تیسری عالمی جنگ کے دہانے سے بچانے کی کوشش ہے۔ لاہور میں جے یو آئی پنجاب کے زیرِ اہتمام معروف شاعر سید سلمان گیلانی کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ملکی و عالمی سیاسی صورتحال پر سخت موقف اختیار کیا۔

مولانا فضل الرحمان نے امریکی صدر کے لب و لہجے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک طرف مذاکرات کی بات کی جا رہی ہے اور دوسری طرف دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر جس انداز میں گفتگو کر رہے ہیں، اس طرح تو محلے کا بدمعاش بھی نہیں بولتا؛ انہیں چاہیے کہ وہ پہلے مذاکرات اور عالمی آداب سیکھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکمرانوں سے سیاسی اختلاف کا مطلب وطن کی سالمیت کو نقصان پہنچانا نہیں ہے، تاہم ہم اپنے اقتصادی مستقبل پر فیصلہ سازوں سے سوال کرتے رہیں گے۔

مہنگائی کے خلاف تحریک کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ہم نے حکمرانوں کی درخواست پر مظاہرے فی الحال ملتوی کیے ہیں مگر یہ ختم نہیں ہوئے، عوام کو درپیش مسائل پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک کے نظامِ حکومت اور اس کی اساس کو درست کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو معاشی ابتری سے نکالا جا سکے۔ پریس کانفرنس میں انہوں نے سید سلمان گیلانی کی خدمات کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button