پاکستان کے خلاف استعمال ہونے والی ہر سرزمین کے خلاف کارروائی ہمارا آئینی حق ہے، صوبائی وزیر کوئٹہ(یو این اے )صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے افغانستان کے بعض علاقوں میں دہشتگرد عناصر کے خلاف پاکستان کی مثر اور بروقت کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بالخصوص بلوچستان میں دہشتگردی میں ملوث عناصر کے قدموں کے نشانات افغانستان تک جاتے ہیں اور اس حوالے سے ملکی سیاسی و عسکری قیادت افغان حکام کو شواہد سے آگاہ کرچکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معصوم شہریوں کے خون میں ملوث عناصر کا قبروں تک تعاقب کیا جائے گا اور ملک کے امن سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔صوبائی وزیر نے الزام عائد کیا کہ بھارت اپنی پراکسیز کے ذریعے بلوچستان کے پرامن ماحول کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، تاہم پاکستان کی بہادر افواج اور سیکیورٹی ادارے دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے افغان حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین دہشتگرد تنظیموں کے لیے استعمال نہ ہونے دے، بصورت دیگر پاکستان اپنی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں قیامِ امن، ترقیاتی عمل کے تسلسل اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور دہشتگردی کے خاتمے کو حکومت کی اولین ترجیح بنایا گیا ہے۔