
کوئٹہ(یو این اے)رکنِ بلوچستان صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان نے اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سرداری نظام کے خاتمے سے متعلق 1976 میں منظور کیے گئے قانون پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور سرکاری و عوامی سطح پر “سردار” اور “نواب” کے القابات کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے۔ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمان نے واضح کیا کہ وہ قبائلی نظام کے خلاف نہیں ہیں کیونکہ قرآنِ پاک میں بھی قبائل کا ذکر موجود ہے اور قبائلی نظام ہماری شناخت ہے، تاہم وہ سرداری نظام کے نام پر جاری استحصال کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ایکٹ کے تحت سرداری نظام مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے جس کی رو سے کوئی بھی سردار یا نواب قانون سے بالاتر نہیں، نہ ہی انہیں متوازی عدالت لگانے، نجی جیلیں قائم کرنے، غیر قانونی گرفتاریاں کرنے یا قبائل کی زمینوں پر قبضہ کرنے کا کوئی اختیار حاصل ہے۔مولانا ہدایت الرحمان نے الزام عائد کیا کہ بلوچستان کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ کن سرداروں کی نجی جیلیں قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساراوان اور جھالاوان کے 40 سے زائد سردار اسما جتک کے والد کو قتل ہونے سے نہیں بچا سکے، جبکہ آج بھی اگر کوئی عام نوجوان الیکشن میں کھڑا ہوتا ہے تو اسے قتل کر دیا جاتا ہے اور معصوم بچیوں کو سرداروں کے گن مینوں سے شادی کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی انسان کے پاں کو ہاتھ لگانا بھی درست عمل نہیں ہے۔اپنے خطاب میں رکنِ اسمبلی نے نواب ثنا اللہ زہری کے ایک مبینہ فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک اسکول بنانے پر تین کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور آج کے دور میں بھی اسکولوں کے نام پر کروڑوں روپے کے جرمانے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سردار اور نواب سرکار کی سرپرستی اور اشاروں پر زندہ ہیں، لہذا حکومتِ وقت 1976 کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کروائے۔



