
کوئٹہ(یو این اے)صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی نے بلوچستان صوبائی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرداری نظام کے خاتمے سے متعلق قرارداد پیش کرنے پر رکنِ اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور ایوان میں اس قرارداد کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے ظہور بلیدی نے کہا کہ وہ سرداری نظام کے استحصالی رویوں کے خلاف ہیں کیونکہ اب یہ فرسودہ نظام مزید چلنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے تمام انسانوں کو برابر پیدا کیا ہے اور جب خالقِ کائنات نے انسانوں کے درمیان کوئی فرق نہیں رکھا تو ہم تفریق کرنے والے کون ہوتے ہیں، اس لیے اب وقت آ گیا ہے کہ معاشرے میں برابری کی بنیاد پر بات کی جائے اور تمام شہریوں کو مساوی حقوق دیے جائیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان میں آج بھی خانہ بدوش طبقے کو ان کے جائز اختیارات اور حقوق نہیں دیے گئے، جبکہ سرداری نظام کی رکاوٹوں کی وجہ سے ہی خضدار میں اسما جتک کو انصاف نہیں مل سکا۔مزید برآں، 14 سالہ بندیہ کماری کے مبینہ اغوا کے واقعے پر بات کرتے ہوئے ظہور بلیدی نے اسے ایک انتہائی گھنانا فعل قرار دیا اور اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بندیہ کماری کے ساتھ ہونے والا ظلم بلوچ اور پشتون روایات کے سراسر منافی ہے، اور بلوچستان کے عوام اور صوبائی حکومت اس مشکل گھڑی میں اقلیتی برادری کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔



