
کوئٹہ (یو این اے)وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے معاون وزیر داخلہ بابر یوسفزئی کے ہمراہ کوئٹہ میں اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے بھرپور انداز میں جشنِ آزادی منائی ہے، جس پر بہترین سیکیورٹی انتظامات فراہم کرنے پر سیکیورٹی فورسز شاباش کی مستحق ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے حلقے قلات میں جشنِ آزادی کی تقریبات میں شرکت اور تمام اداروں سے اہم میٹنگز کے بعد بغیر اسکواڈ کے کوئٹہ واپس آ رہے تھے کہ ان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔ پولیس کے جوانوں نے دہشت گردوں کا مردانہ وار مقابلہ کیا، تاہم پولیس کی ایک گاڑی مسلح افراد کے گھیرے میں آ گئی تھی، جس پر مستونگ میں ایف سی، اے ٹی ایف اور پولیس نے بروقت کارروائی کی۔ اس حملے کے دوران سیکیورٹی فورسز کے 5 اہلکار زخمی ہوئے۔وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ بلوچ قوم نے بہت کچھ برداشت کر لیا ہے، اور دہشت گرد حقوق یا آزادی کی کوئی جنگ نہیں لڑ رہے بلکہ ان کی لیڈرشپ یرغمال ہے اور ان کی پشت پناہی بھارت اور افغانستان سے کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا کوئی علاقہ نو گو ایریا نہیں ہے، البتہ قومی شاہراہوں پر دہشت گرد موجود ہیں جو زمینداروں سے بھتہ وصول کرتے ہیں اور خواتین کی تذلیل کرتے ہیں۔ ماضی میں خالق آباد اور قلات میں ایک بھی ایمبولینس نہیں تھی جبکہ آج 30 سے 35 ایمبولینسز فراہم کی گئی ہیں، مگر مسلح افراد اب عوام سے ان کی سہولیات چھین رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیم کے ایک کمانڈر کی تصویر دیکھی جو عام انسان جیسا نہیں تھا، بلوچ نوجوانوں کو بہکایا جا رہا ہے اور اب بلوچ قوم کو اپنے اور اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے سوچنا ہو گا۔ اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں قبائلی تنازعے پر 6 خواتین کو قتل کیا گیا ہے، جس میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔



