
کوئٹہ (یو این اے) وزیراعلی بلوچستان نے ضلع سوراب میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس کی کامیاب کارروائی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دہشت گردی کے خلاف ریاستی عزم کا واضح ثبوت ہے۔وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ سوراب میں 18 دہشت گردوں کا خاتمہ قابلِ تحسین ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاستی عزم غیر متزلزل ہے اور دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور معاونت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے دہشت گردی کے واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں، تاہم دہشت گرد عناصر صوبے کے عوام کو ترقی کے سفر سے محروم کرنا چاہتے ہیں۔ ریاست دہشت گردی کے سامنے کسی صورت نہیں جھکے گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے دشمنوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، ریاست اپنی رٹ ہر صورت برقرار رکھے گی۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہمارا عزم ہے۔



