
کوئٹہ )یو این اے( بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل کی جانب سے ضلع وڈھ سے متعلق حکومتی نوٹیفکیشن کو بلوچستان ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔بی این پی کے مرکزی سینئر نائب صدر ساجد ترین ایڈووکیٹ اور ایاز ظہور ایڈووکیٹ نے عدالت میں درخواست کی پیروی کی۔ بلوچستان ہائیکورٹ نے درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیئے اور حکومت کو آئندہ سماعت پر جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔کیس کی سماعت چیف جسٹس کامران خان ملاخیل اور جسٹس نجم الدین مینگل پر مشتمل بینچ نے کی۔سماعت کے بعد ساجد ترین ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعوی کیا کہ حکومت نے بدنیتی کی بنیاد پر نئے اضلاع بنانے کے فیصلے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص ضلع وڈھ کے معاملے میں حکومتی اقدام سے بلوچستان کے عوام کو ریلیف ملنے کے بجائے لاکھوں افراد مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع وڈھ کے کئی اہم علاقوں کو بلوچستان کے دیگر اضلاع میں شامل کیا گیا ہے جبکہ ضلع کے ہیڈکوارٹر کو نال منتقل کیا جا رہا ہے، جو ان کے بقول حکومتی بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے۔ساجد ترین ایڈووکیٹ نے کہا کہ بی این پی نے حکومتی نوٹیفکیشن کو عدالت میں چیلنج کردیا ہے اور پارٹی اس فیصلے کے خلاف ہر آئینی و قانونی فورم پر آواز اٹھاتی رہے گی۔



