
خضدار(یو این اے)وڈھ ہسپتال میں مختلف آسامیوں پر بھرتیوں کے حوالے سے ایک نیا تنازع سامنے آگیا ہے۔ متاثرہ امیدواروں کا دعوی ہے کہ ان آسامیوں پر عدالتِ عالیہ کی جانب سے اسٹے آرڈر جاری ہونے کے باوجود بھرتیوں کا عمل جاری رکھا گیا، بلکہ مبینہ طور پر بغیر کسی اخباری اشتہار کے تقرریاں بھی کی گئیں۔امیدواروں کے مطابق اگر کسی معاملے پر عدالتِ عالیہ نے حکمِ امتناع (اسٹے آرڈر) جاری کر رکھا ہو تو متعلقہ سرکاری حکام اس کے پابند ہوتے ہیں، اور اس دوران بھرتیوں یا دیگر انتظامی اقدامات سے گریز کیا جانا چاہیے۔ ان کا مقف ہے کہ اگر اسٹے آرڈر کے باوجود تقرریاں کی گئی ہیں تو یہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ متاثرہ امیدواروں نے عدالتِ عالیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے، بھرتیوں کے تمام ریکارڈ کی جانچ پڑتال کرائے، اور اگر عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ثابت ہو جائے تو ذمہ دار افسران، بشمول ڈپٹی کمشنر خضدار، کے خلاف توہینِ عدالت سمیت قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے امیدواروں نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام سرکاری بھرتیاں مکمل شفافیت، میرٹ اور قانونی تقاضوں کے مطابق کی جائیں تاکہ کسی بھی امیدوار کے ساتھ ناانصافی نہ ہو اور عوام کا اعتماد سرکاری اداروں پر برقرار رہے۔واضح رہے کہ یہ الزامات متاثرہ امیدواروں کی جانب سے عائد کیے گئے ہیں، جبکہ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر خضدار یا متعلقہ حکام کا مقف سامنے آنا باقی ہے۔ حتمی حقیقت کا تعین عدالت یا متعلقہ تحقیقاتی عمل کے بعد ہی ممکن ہوگا۔



