
کوئٹہ(یو این اے )معاون وزیر اعلی بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے مستونگ میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔شاہد رند نے کہا کہ قانون کے محافظوں پر حملہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کی ناکام کوشش ہے، دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور انہیں ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وکلا اور ججز کو نشانہ بنانا ایک گہری سازش کا حصہ ہے، تاہم امن دشمن عناصر بلوچستان کا امن خراب کرنے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ ریاست دشمن عناصر کے خلاف بھرپور اور فیصلہ کن کارروائیاں جاری رہیں گی۔معاون وزیر اعلی نے کہا کہ دہشت گردی کے ہر نیٹ ورک کا قلع قمع کیا جائے گا اور شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کرنے کا بھی بتایا۔شاہد رند نے شہدا کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی اور امن دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز اقدامات کیے جائیں گے۔



