
کوئٹہ(یو این اے )پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے، اور اگر حکومت امن و امان کے قیام میں ناکام رہتی ہے تو عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد مزید مجروح ہوگا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشت گردی، بدامنی، لاقانونیت، اغوا برائے تاوان، قتل و غارت، چوری، ڈکیتی اور بین الصوبائی شاہراہوں پر بڑھتے ہوئے حملوں پر شدید تشویش ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ خصوصا کوئٹہ۔کراچی قومی شاہراہ عوام کے لیے غیر محفوظ ہو چکی ہے، جہاں مختلف مسلح گروہ ناکہ بندیاں، لوٹ مار اور بے گناہ شہریوں پر حملے کر رہے ہیں۔بیان کے مطابق گزشتہ شب مستونگ کے علاقے میں ژوب کے رہائشی حاجی پائند خان اپنی فیملی کے ہمراہ علاج کی غرض سے کراچی جا رہے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ان کی اہلیہ اور بہو جاں بحق جبکہ حاجی پائند خان اور دو بچے زخمی ہو گئے۔پریس ریلیز میں ضلع پشین کے ایک ہی خاندان کے چھ افراد کی حالیہ ٹریفک حادثے میں ہلاکت کا بھی حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ واقعات صوبے میں امن و امان کی ابتر صورتحال کی عکاسی کرتے ہیں۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے دعوی کیا کہ شاہراہوں پر مسلح افراد کی آزادانہ نقل و حرکت، ناکہ بندیاں، شہریوں کو گاڑیوں سے اتار کر اغوا کرنے، نقدی، موبائل فون، زیورات، گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چھیننے کے واقعات میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے، جبکہ حکومتی دعوے زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے۔پارٹی نے مطالبہ کیا کہ بین الصوبائی شاہراہوں کو فوری طور پر محفوظ بنایا جائے، مسلح عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے، دہشت گردی، بدامنی اور لاقانونیت کے خاتمے کے لیے مثر اور عملی اقدامات کیے جائیں، جبکہ حالیہ واقعات میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔بیان میں حکومت سے متاثرہ خاندانوں کو انصاف، مالی معاونت اور مکمل ریاستی تحفظ فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا، جبکہ ژوب کے حاجی پائند خان کے خاندان سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی گئی۔



