بلوچستانتازہ تریندنیا

ہزارہ اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیرِ اہتمام ابراہیم ہزارہ شہید کی برسی پر تعزیتی ریفرنس

شہید کی قربانی مشعلِ راہ ہے، رجعت پسندی کے ٹاکرے کے لیے نظریاتی مضبوطی اور مطالعہ ضروری ہے، مقررین

ہزارہ اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیرِ اہتمام ابراہیم ہزارہ شہید کی برسی پر تعزیتی ریفرنس
ہزارہ اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیرِ اہتمام ابراہیم ہزارہ شہید کی برسی پر تعزیتی ریفرنس

کوئٹہ(یو این اے) پاک سرزمین میں ہزارہ قوم کے پہلے سیاسی شہید ابراہیم ہزارہ شہید کی برسی کے موقع پر ہزارہ اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیرِ اہتمام ابراہیم شہید لائبریری، ہزارہ ٹاؤن میں ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں فیڈریشن کے رہنماؤں، سابق عہدیداروں اور کارکنوں نے شرکت کی۔تقریب کی نظامت فیڈریشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل مرتضیٰ سلطان نے کی۔ انہوں نے اپنے ابتدائی کلمات میں نوّے کی دہائی کے ملکی و عالمی حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے اس دور کے سیاسی اور سماجی تناظر پر گفتگو کی فیڈریشن کی گرلز یونٹ کی صدر زینب مجاہدزادہ نے ابراہیم ہزارہ شہید کی زندگی اور جدوجہد پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے نظریات کی خاطر جامِ شہادت نوش کیا اور ان کی قربانی آج بھی نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ہزارہ اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے سابق مرکزی رہنما اور بی این پی کے موجودہ ضلعی پریس سیکرٹری نسیم جاوید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوّے کی دہائی میں رجعتی قوتوں نے اپنے آقاؤں کی خوشنودی اور مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے قوم کو تقسیم در تقسیم کر دیا، جس کے اثرات آج بھی محسوس کیے جا سکتے ہیں۔فیڈریشن کے سابق مرکزی صدر زمان دھقانزادہ نے کہا کہ رجعت پسند عناصر ایک بار پھر قوم میں سر اٹھا رہے ہیں، جو سماجی ترقی کے بجائے تنزلی کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ فیڈریشن کی نظریاتی بنیادوں کو مزید مضبوط بنایا جائے اور کارکنوں کو نظریاتی طور پر تیار کیا جائے تاکہ رجعت پسندی کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہزارہ اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے موجودہ مرکزی صدر منظور حنان نے کہا کہ مطالعے کے بغیر کارکن عصری تقاضوں پر پورا نہیں اتر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اس وقت ایک ایسے دوراہے پر کھڑی ہے جہاں یا تو نفرتوں کی راہ اختیار کی جا سکتی ہے یا محبت، رواداری اور باہمی احترام کے پیغام کے ساتھ اقوامِ عالم میں سربلندی حاصل کی جا سکتی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہزارہ اسٹوڈنٹس فیڈریشن اپنے قیام کے اولین دن سے ایک روشن خیال معاشرے کی تشکیل کے لیے جدوجہد کر رہی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button