
کوئٹہ (یو این اے)بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ شدید تکنیکی دبا کے باعث بند ہوگئی، جس کے نتیجے میں صوبے بھر کے ہزاروں طلبہ اپنے نتائج معلوم کرنے سے محروم ہوگئے۔ذرائع کے مطابق بلوچستان بورڈ حکام نے پریس کانفرنس کے دوران انٹرمیڈیٹ امتحانات میں ریکارڈ 89 فیصد کامیابی اور پوزیشن ہولڈرز کا اعلان کیا، جس کے فوری بعد طلبہ اور والدین کی بڑی تعداد نے ایک ہی وقت میں ویب سائٹ پر رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی، تاہم آن لائن نظام غیر معمولی لوڈ برداشت نہ کرسکا اور جام ہوگیا۔ویب سائٹ بند ہونے کے باعث گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلبہ رول نمبرز کے ذریعے اپنے نتائج اور مارکس شیٹس حاصل کرنے کے لیے شدید مشکلات کا شکار رہے۔ دور دراز اضلاع سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے شکایت کی کہ کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود وہ اپنے نمبرز چیک نہیں کر سکے۔طلبہ اور والدین نے بورڈ انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک لاکھ کے قریب طلبہ کے نتائج کے اعلان سے قبل آن لائن نظام اور سرورز کی استعداد کار کو بہتر بنایا جانا چاہیے تھا تاکہ طلبہ ذہنی اذیت سے بچ سکتے۔متاثرہ طلبہ نے چیئرمین بلوچستان بورڈ اور کنٹرولر امتحانات سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر آئی ٹی شعبے کو متحرک کرکے ویب سائٹ بحال کی جائے اور نتائج کی فراہمی کا نظام بہتر بنایا جائے تاکہ طلبہ ری کانٹنگ سمیت دیگر ضروری مراحل بروقت مکمل کر سکیں۔



