
کوئٹہ(یو این اے )نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے پارٹی کی مرکزی خواتین سیکرٹری اور سابق رکن بلوچستان اسمبلی یاسمین لہڑی کے والد، سماجی و قبائلی رہنما حاجی نور احمد لہڑی کے اغوا پر شدید تشویش اور سخت مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بزرگ شخصیت کو رات کی تاریکی میں اغوا کرنا نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت عمل ہے، جو صوبے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔جاری بیان میں کہا گیا کہ اغوا کے واقعے کے بعد حاجی نور احمد لہڑی کی خیر و عافیت سے متعلق مسلسل بے خبری نہ صرف ان کے اہلِ خانہ بلکہ عوامی و سیاسی حلقوں کے لیے بھی شدید تشویش اور اضطراب کا باعث بن چکی ہے۔ترجمان نے کہا کہ ضلع کچھی گزشتہ کچھ عرصے سے بدامنی، چوری، ڈکیتی اور دیگر جرائم کی لپیٹ میں ہے، جبکہ اب معزز شہریوں کے اغوا کے واقعات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ صوبائی حکومت اور متعلقہ انتظامیہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام میں مثر کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔نیشنل پارٹی نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری، مثر اور سنجیدہ اقدامات کرتے ہوئے حاجی نور احمد لہڑی کی بحفاظت اور بلا تاخیر بازیابی یقینی بنائے اور واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔



