بلوچستانتازہ ترین

ماشکیل میں مزدوروں کا قتل انسانیت سوز سانحہ، دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا جائے: حاجی ولی محمد نورزئی

بے گناہ محنت کشوں کو نشانہ بنانا امن، انسانیت اور قومی یکجہتی پر حملہ ہے، پارلیمانی سیکرٹری سوشل ویلفیئر

ماشکیل میں مزدوروں کا قتل انسانیت سوز سانحہ، دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا جائے: حاجی ولی محمد نورزئی
ماشکیل میں مزدوروں کا قتل انسانیت سوز سانحہ، دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا جائے: حاجی ولی محمد نورزئی

کوئٹہ(یو این اے )پارلیمانی سیکرٹری برائے سوشل ویلفیئر حاجی ولی محمد نورزئی نے ضلع واشک کے علاقے ماشکیل میں پانچ بے گناہ محنت کشوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک، ظالمانہ اور انسانیت سوز سانحہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہتے مزدوروں کو نشانہ بنانا نہ صرف قانون کی کھلی خلاف ورزی بلکہ امن، رواداری اور انسانی اقدار پر حملہ ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والے مزدور پنجاب کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھتے تھے اور روزگار کے حصول کے لیے بلوچستان میں محنت مزدوری کر رہے تھے۔ ایسے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا بزدلی اور سفاکیت کی بدترین مثال ہے۔حاجی ولی محمد نورزئی نے کہا کہ محنت کش طبقہ ملکی معیشت کا بنیادی ستون ہے اور اپنے اہل خانہ کی کفالت کے لیے گھروں سے دور کام کرنے والے افراد کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات بلوچستان کے امن، ترقی، سرمایہ کاری اور قومی یکجہتی کے لیے سنگین چیلنج ہیں۔پارلیمانی سیکرٹری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جدید ٹیکنالوجی، مثر انٹیلی جنس اور مربوط کارروائی کے ذریعے حملہ آوروں، ان کے سہولت کاروں اور معاونین کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو واضح پیغام دیا جائے کہ بے گناہ شہریوں کا خون بہانے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں ہوگی اور انہیں قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن صرف مثر سکیورٹی اقدامات سے نہیں بلکہ انصاف، ترقی، روزگار کے مواقع اور شہریوں کے تحفظ کے مضبوط نظام سے ہی ممکن ہے۔ سانحہ ماشکیل اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ریاستی ادارے بھرپور اور مثر اقدامات کریں۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button