
کوئٹہ(یو این اے )ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی (ایچ ڈی پی)کے مرکزی بیان میں زیارت سانحہ کے دوران اغوا کیے گئے پولیس اہلکاروں کو شہید کیے جانے کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ مسلح حملہ آوروں نے بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد پولیس اہلکاروں کو شہید اور دیگر کو اغوا کیا، جنہیں بعد ازاں قتل کر کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چیلنج کرنے کی کوشش کی گئی۔بیان کے مطابق پارٹی کے نائب چیئرمین مرزا حسین ہزارہ کی قیادت میں ایک وفد نے بی اے مال پر ہنہ اوڑک اور زیارت کے متاثرین کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کر کے اظہارِ یکجہتی کیا۔ وفد میں ڈپٹی جنرل سیکرٹری عصمت یاری، سیکرٹری اطلاعات قادر علی نائل، سیکرٹری مالیات ایڈووکیٹ مجتبی زاہد، عبدالعلی ہزارہ، یونس چنگیزی، رحمت علی، ضلعی صدر ڈاکٹر سخی، عتیق اللہ اور نعیم خان کاکڑ سمیت دیگر رہنما شامل تھے۔وفد نے شہدا کے لیے دعائے مغفرت، لواحقین سے تعزیت اور متاثرین کو ہر صورت انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام میں ناکامی کی ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ رہنماں کا کہنا تھا کہ عوام کی حقیقی نمائندگی کے بغیر امن و استحکام کا قیام ممکن نہیں، جبکہ کوئٹہ کے شہریوں کو اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتشار پھیلانے والے عناصر سے ہوشیار رہنا چاہیے۔دوسری جانب پارٹی کے جنرل سیکرٹری احمد علی کہزاد کی سربراہی میں ایک اور وفد نے بھی تعزیتی جلسہ عام اور احتجاجی دھرنے میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی جنرل سیکرٹری عصمت یاری نے خطاب کرتے ہوئے صوبے کی قومی شاہراہوں، کوئٹہ کے نواحی علاقوں اور مختلف اضلاع میں بڑھتی ہوئی بدامنی پر تشویش کا اظہار کیا اور ہنہ اوڑک و زیارت کے شہدا اور متاثرین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے ہزارہ برادری کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔



