بلوچستانتازہ ترین

خضدارمیں طوفانی بارشوں اور ژالہ باری سے فصلیں تباہ، کروڑوں روپے کا نقصان

متاثرہ زمینداروں کا وزیراعلی بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ

علاقے کو آفت زدہ قرار دے کر نقصانات کا ازالہ کیا جائے
علاقے کو آفت زدہ قرار دے کر نقصانات کا ازالہ کیا جائے

خضدار(یو این اے )تحصیل وڈھ کے زرعی علاقے وہیر میں طوفانی بارشوں، شدید ژالہ باری اور تیز پانی کے ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ قدرتی آفت کے باعث کھڑی فصلیں، سولر سسٹمز اور حفاظتی بندات شدید متاثر ہوئے ہیں، جس سے زمینداروں کو کروڑوں روپے کے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔متاثرہ کاشتکاروں کے مطابق شدید ژالہ باری سے قیمتی سولر پلیٹیں اور پورا سولر سسٹم ٹوٹ کر ناکارہ ہو گیا، جبکہ حفاظتی بندات ٹوٹنے سے ٹماٹر، ہری مرچ اور کپاس کی کھڑی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس نقصان نے زرعی شعبے کو شدید بحران سے دوچار کر دیا ہے۔متاثرہ زمینداروں نے وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی، کمشنر قلات ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر خضدار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہیر کو فوری طور پر آفت زدہ قرار دے کر نقصانات کا جامع سروے کرایا جائے اور متاثرہ کسانوں کو منصفانہ معاوضہ فراہم کیا جائے۔زمینداروں نے یاد دلایا کہ 2022 کے سیلاب کے دوران بھی وہیر سمیت پورے تحصیل وڈھ کو آفت زدہ قرار دیا گیا تھا اور مختلف ٹیموں نے سروے بھی کیا تھا، تاہم حتمی فہرست میں تحصیل وڈھ کے کسی بھی متاثرہ زمیندار کا نام شامل نہیں کیا گیا، جس سے انہیں شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس مرتبہ ایسی ناانصافی نہ دہرائی جائے۔انہوں نے محکمہ ایم ایم ڈی سے بھی مطالبہ کیا کہ فوری طور پر بلڈوزرز اور دیگر بھاری مشینری علاقے میں بھیجی جائے تاکہ تباہ شدہ زرعی بندات کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت کی جا سکے اور مزید زرعی اراضی کو نقصان سے بچایا جا سکے۔متاثرہ زمینداروں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے سولر سسٹمز کی بحالی، فصلوں کے نقصانات کے ازالے اور حفاظتی بندات کی تعمیر کے لیے فوری عملی اقدامات نہ کیے تو علاقے کا زرعی طبقہ شدید معاشی بحران کا شکار ہو کر دیوالیہ ہونے پر مجبور ہو جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button