
کوئٹہ(یو این اے )کوئٹہ کے نواحی علاقے ہنہ اوڑک میں اتوار کی شام مبینہ مسلح حملے کے بعد صورتحال کشیدہ ہے، جہاں مقامی ذرائع کے مطابق پانچ افراد زخمی ہو گئے ہیں جبکہ شہری اپنی مدد آپ کے تحت علاقے کے دفاع میں مصروف ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق حملے کے بعد کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود علاقے میں صورتحال مکمل طور پر قابو میں نہیں آ سکی۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ واقعے کے فورا بعد متعلقہ حکام کو اطلاع دی گئی، تاہم بروقت کارروائی نہ ہونے کے باعث شہریوں کو خود ہی اپنے علاقوں کی حفاظت کرنا پڑ رہی ہے۔ ان کے مطابق خواتین، بچے اور بزرگ خوف و ہراس کا شکار ہیں۔دوسری جانب سینیٹر منظور کاکڑ نے واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے حکومت کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے اور کہا کہ ہنہ اوڑک میں مبینہ طور پر کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے حملے میں پانچ افراد زخمی ہوئے جبکہ حکومت عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ چکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ علاقے میں فوری طور پر سکیورٹی فورسز تعینات کی جائیں، زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور حملے میں ملوث عناصر کے خلاف مثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔ذرائع کے مطابق سینیٹر منظور کاکڑ بھی بڑی تعداد میں افراد کے ہمراہ ہنہ اوڑک کی جانب روانہ ہو گئے ہیں۔واضح رہے کہ واقعے سے متعلق حملہ آوروں کی شناخت یا کسی کالعدم تنظیم کی مبینہ ذمہ داری کی سرکاری سطح پر تاحال تصدیق نہیں ہوئی اور نہ ہی حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری کیا گیا ہے۔



